لندن ،23؍ ستمبر (آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) برطانیہ کے قدآور ٹینس کھلاڑی اینڈی مرے نے کہاہے کہ چین اوپن اس سیشن کا ان کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ شین جھین اوپن اور چین اوپن کے بعد اس سیشن میں کسی دوسرے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گے۔ مرے نے اپنے فیس بک بیچ پر لکھا2019سیشن کے شروع ہونے سے پہلے مجھے اچھی شیپ میں آنے اور بڑے ٹورنامنٹوں میں حصہ لینے کے لئے لمبی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔ اس لئے شین جھین اوپن اور چین اوپن اس سیشن کا میرا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔واضح رہے کہ اس سیشن میں مرے نے صرف پانچ ٹورنامنٹوں میں حصہ لیا ہے۔ ان کی سب سے بہترین کارکردگی واشنگٹن میں ہوئے سٹی اوپن میں رہی تھی، جہاں انہوں نے کوارٹر فائنل تک کا سفر طے کیا۔ حالانکہ زخمی ہونے کی وجہ سے وہ کوارٹر فائنل سے ہٹ گئے تھے۔ مرے فی الحال عالمی رینکنگ میں308ویں مقام پر قابض ہیں۔ زخمی ہونے کی وجہ سے ایک سال تک باہر رہنے کے بعد انہوں نے جون میں اے ٹی پی ورلڈ ٹور میں واپسی کی۔